چینی ذخیرہ کرنے، قیمتوں پر سٹہ کھیل کر اس میں مصنوعی اضافے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے‘ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے، مصنوعی طور پر بحران پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے:وزیراعظم
پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ تعاون پر مبنی شراکت داری، بالخصوص جی ایس پی پلس سکیم جس نے آغاز سے ہی بھرپور فائدہ پہنچایااسے مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں:وزیراعظم کی یورپی یونین کی سفیر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی طور پر چینی کی قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چینی کی کھپت و رسد اور مقررہ قیمتوں پر عام آدمی کو فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو چینی کی کھپت و رسد اور موجودہ قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے کہا ہے چینی ذخیرہ کرنے، قیمتوں پر سٹہ کھیل کر اس میں مصنوعی اضافے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈان کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نظر رکھنے اور متعلقہ حکام کو شوگر ملوں کے ساتھ چینی کی کھپت و رسد کی نگرانی کیلیے روابط مربوط کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے، مصنوعی طور پر بحران کی فضا پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عام آدمی کا مافیا کے ہاتھوں قطعا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔دوران اجلاس وزیرِ اعظم نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو چینی کی مقررہ قیمت پر عوام کو فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر ریناکیونکا نے ملاقات کی ، جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ایم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں اظہار تعزیت پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے بتایا کہپاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے ان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ تعاون پر مبنی شراکت داری، بالخصوص جی ایس پی پلس اسکیم جس نے اپنے آغاز سے ہی پاکستان اور یورپی یونین کو بھرپور فائدہ پہنچایا، کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماں نے انسانی حقوق سمیت پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا