یومِ شہادتِ حضرت علی ، عیدالفطر،29 سرچ آپریشنز

لاہور(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک، یومِ شہادتِ حضرت علی اور عیدالفطر کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق نقصِ امن کا سبب بننے والے مشتبہ افراد کے خلاف خفیہ اطلاعات پر سرچ آپریشنزمیں تیزی لائی گئی ہے۔ڈویڑنل ایس پیز اور متعلقہ اداروں کی نگرانی میں 6 گھنٹوں کے دوران 29 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں مشترکہ ٹیموں نے 951 گھروں کی تلاشی مکمل کی۔ دورانِ چیکنگ 3,487 افراد کا ڈیٹا جانچا گیا جبکہ مزید تحقیقات کے لیے 22 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔علاوہ ازیں سرچ آپریشنز کے دوران  568 کرایہ داروں کی جانچ کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 11 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ کرایہ داری ایکٹ اور دیگر قانونی خلاف ورزیوں پر بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرچ آپریشنز میں پولیس کے ساتھ ایم  آئی، سی ٹی  ڈی اور دیگر انٹیلی جنس ادارے بھی شریک ہیں۔ سٹی، سول لائنز، اقبال ٹاؤن، کینٹ، صدر اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں ٹارگٹڈ سرچ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ بس اسٹینڈز، ہوٹلز اور ہاسٹلز کی بھی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی فوری اطلاع 15 پر دیں تاکہ سیکیورٹی کے موثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔