یومِ شہادتِ حضرت علی صوبہ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور(کرائم رپورٹر) یومِ شہادتِ حضرت علی کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق جلوسوں اور مجالس کی مؤثر نگرانی کے لیے سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں ورچوئل پیٹرولنگ افسران کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں قائم سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے بھی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے سکیورٹی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ حساس مقامات پر اضافی کیمروں اور ڈرون سرویلنس کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں ورچوئل پیٹرولنگ افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔شہریوں کی سہولت کے لیے ریڈیو سیف سٹی ایف ایم 88.6 کے ذریعے جلوسوں کے روٹس اور ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ترجمان سیف سٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔