جدید سرویلنس سسٹم کی مدد سے لاہور کے علاقے تھانہ وحدت کالونی میں آن لائن خریداری کا جھانسہ دینے والے گروہ کو گرفتار کر لیا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جدید سرویلنس سسٹم کی مدد سے لاہور کے علاقے تھانہ وحدت کالونی میں آن لائن خریداری کا جھانسہ دینے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک شہری نے اپنا قیمتی موبائل فون فروخت کرنے کے لیے آن لائن اشتہار دیا، جس پر ملزمان نے رابطہ کیا اور موبائل خریدنے کے بہانے اس کے دیے گئے پتے پر پہنچ گئے۔ ملزمان نے جعلی آن لائن ٹرانزیکشن کا دعویٰ کرتے ہوئے شہری کو قریبی اے ٹی ایم جا کر رقم چیک کرنے کا کہا، اور اسی دوران وہ موبائل فون لے کر فرار ہو گئے۔ شہری نے فوری طور پر واقعے کی اطلاع قریبی تھانے میں درج کروائی اور سیف سٹی اتھارٹی کی مدد حاصل کی۔ سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے کیمروں کی مدد سے کیس کو فوری طور پر ٹریک کرنا شروع کر دیا اور ملزمان کو شہر کی مختلف شاہراہوں پر سفر کرتے ہوئے شناخت کیا گیا۔سیف سٹی اور پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے قیمتی موبائل فونز، نقدی اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کر لی گئیں۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ گروہ مختلف طریقوں سے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث تھا اور متعدد فراڈ کے کیسز میں مطلوب تھے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آن لائن خرید و فروخت کرتے وقت انتہائی محتاط رہیں اور ہمیشہ مکمل تصدیق اور رقم کی وصولی کے بعد ہی اپنی قیمتی اشیا کسی کو فروخت کریں۔ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے.