وزیراعظم آج سے 22 مارچ تک سعودی عرب کا دورہ کرینگے

سعودی ولی عہد سے ملاقات  میں  مختلف شعبہ جات میں تعاون پر غور ہو گا
 اسلام  آباد (خصوصی رپورٹ)وزیراعظم محمد شہباز شریف آج  19 سے 22 مارچ   تک  سعودی عرب کے  تین روزہ  سرکاری دورے  پر روانہ ہونگے۔ دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت اہم وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں تجارت کو فروغ دینے، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو  آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال اور غور کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ سمیت فلسطین کی صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔