وزیراعظم شہباز شریف کا خطے کے اہم ممالک کا دورہ ری شیڈول، پہلے سعودیہ روانہ ، آج سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے

وزیراعظم کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات،  مذاکرات پراعتماد میں لیا
وزیراعظم  شہبازشریف نے صدر کو مذاکرات کے مختلف مراحل پر ثالثی کے ذریعے حاصل پیشرفت  پرتفصیلی بریفنگ دی،صدر کو اپنے سعودی عرب اورترکیے کے آنے والے دوروں سے بھی آگاہ کیا
صدرنے  مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں اور وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور تمام ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہا، پاکستان نے ایک ذمہ داراورکلیدی ریاست کے طورپراپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا:زرداری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی اور امریکا ایران مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔  وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے صدرمملکت کو مذاکرات کے مختلف مراحل پرتفصیلی بریفنگ دی اور امریکا ایران مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ثالثی کے ذریعے حاصل پیشرفت پر بریفنگ بھی دی اور  صدرمملکت کو اپنے سعودی عرب اورترکیے کے آنے والے دوروں سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر صدر مملکت  آصف علی زرداری  نے کہا کہ جنگ کے اثرات خطے اور بین الاقوامی سکیورٹی معیشت اور سیاست پر ہوئے ہیں۔صدرمملکت نے ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں اور وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور تمام ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ داراورکلیدی ریاست کے طورپراپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے، پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کی ساکھ کو ثابت کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ،نائب وزیراعظم امریکا ایران اورعلاقائی،عالمی طاقتوں کیساتھ رابطے میں رہیں۔  رابطوں سے امن عمل کے تسلسل اورعلاقائی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد(آئی  این پی )وزیراعظم شہباز شریف کا خطے کے اہم ممالک کا دورہ ری شیڈول کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم پہلے سعودی عرب، پھر قطر اور آخر میں ترکیے جائیں گے، وہ دوست ممالک کے دورے میں سفارتی معاملات پر مشاورت کریں گے جب کہ اس دوران آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اور امریکا ایران مذاکرات کے اگلے دور پر بھی مشاورت متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف  آج (بدھ کو )سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوگا جب کہ علاقائی و عالمی صورتحال اور اسلام آباد مذاکرات پر بھی مشاورت ہوگی۔ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر غور ہوگا۔