شہباز شریف، مریم نواز کی محنت رنگ لا رہی ، عوام کو ریلیف مل رہا ہے: عابد شیرعلی

 ارض وطن نے اڑان بھر لی ‘ اب پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا،سابق وزیرمملکت
فیصل آباد ( آ ئی این پی )سابق وزیرمملکت پانی و بجلی چودھری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے‘ مہنگائی میں کمی اور غریب عوام کو ریلیف مل رہا ہے‘ مریم نواز شریف پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے عید سے قبل غریب خاندانوں کو 10ہزار روپے عیدی دی ہے تاکہ وہ عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔تفصیل کے مطابق میلاد کمیٹی یٰسین آباد کے صدر ماسٹر عبدالرزاق کی طرف سے سابق وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی اور سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا۔ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے    عابد شیرعلی نے کہا کہ ارض وطن نے نواز شریف او رشہباز شریف کی قیادت میں اڑان بھر لی ہے‘ اب پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جب بھی اقتدار میں آئی ترقیاتی کاموں کے جال بچھ گئے‘ انشاء اللہ آنے والے ایک دو سالوں میں این اے 102 سمیت فیصل آباد بھر کے تمام مسائل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔