اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ہیپا ٹائٹس سی بہت تیزی سے پاکستان میں پھیلنے والی بیماری ہے، اسلام آباد میں جناح میڈیکل سینٹر کا آغاز کرنے جارہے ہیں، یہ پاکستان میں دوسرا جان ہاپکنز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان میں انسداد ہیپاٹائٹس سی کے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر وزیراعظم ہائوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے حوالے سے ہمارا خواب تھا، اسے ڈاکٹر سعید اختر سمیت تمام شراکت داروں نے ملکر شرمندہ تعبیر کیا، اب ان شا اللہ جناح میڈیکل سینٹر کو بھی اسی طرح ہم تیزی سے آگے لیکر جارہے ہیں، اس کی پلاننگ کا کام مکمل ہوچکا ہے۔پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے علاج کے حوالے سے پہلے پی کے ایل آئی کے تحت یونٹ بنائے گئے، مریضوں کے لیے مفت تشخیص اور دوائیں دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا، آج بھی یہ پروگرام صوبہ پنجاب میں جاری ہے