عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، 70ہزار افراد کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کی جا چکی ہے، مصطفی کمال
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پمز اسپتال میں جلد نئی لیب قائم کی جائے گی جس کے بعد تمام ٹیسٹ ملک کے اندر ہی کیے جا سکیں گے، موجودہ لیب سروسز کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اب تک 70 ہزار افراد کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کی جا چکی ہے، ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ حکومت مفت کرے گی۔وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ پمز کی نئی ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، نئی ایمرجنسی میں 11 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پمز میں اسلام آباد کا پہلا کینسر اسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جو 205 بستروں پر مشتمل ہو گا اور اس کی تعمیر پر 10 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔بعد ازاں مصطفی کمال نے پمز کے ایم سی ایچ وارڈ اور نئے ٹراما سینٹر کا دورہ بھی کیا۔سانحہ پمز کی جگہ کو ڈی سیل کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان سے دریافت کیا کہ جگہ کب تک کھولی جائے گی، جس پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے کہا کہ اس بارے میں ابھی معلوم کرنا ہو گا۔وزیرِ صحت نے تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جگہ قیامت تک سیل نہیں رہے گی، دیکھنا ہو گا اسے کب تک کھولا جا سکتا ہے اور اس پر کام ہونا چاہیے۔