افغانستان کے خلاف جنگ نہیں کرنی چاہیے : حافظ نعیم الرحمان

 افغان سرزمین کسی بھی صورت میں پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے
حکومت کو افغانستان سے مذاکرات میں ضرورت پڑی تو ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہیں
 کراچی (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے افغانستان سے بات چیت کیلئے جماعت اسلامی کی خدمات  کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے  افغانستان کے خلاف جنگ کرنی چاہیے نہ افورڈکرسکتے ہیں، افغان سرزمین کسی بھی صورت میں پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے،  ملک کے حالات سنگین ہوچکے ہیں،  بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،  بلوچستان میں بھی عوامی مینڈیٹ کے خلاف لوگوں کو مسلط کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران دعوی کر رہے ہیں کہ مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں جبکہ اربوں روپے اشتہارات پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حقیقی ترقی کہیں نظر نہیں آ رہی، صرف اشتہارات میں دکھائی جا رہی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے دریائے سندھ سے کینال نکالنے کا منصوبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو سندھ کے پانی میں کمی آجائے گی۔