مشکل وقت میں حمایت پر پاکستانی عوام، جماعت اسلامی کے شکرگزار ہیں:ایرانی سفیر کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے اُن کے اسلام آباد دفتر میں ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی صورتحال، عالم اسلام کو درپیش چیلنجز، غزہ و فلسطین اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمن نے ایرانی حکومت اور عوام کی جدوجہد اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے کردار اور مزاحمت کے نتیجے میں امریکہ اور اسرائیل کو پسپائی اختیار کرنا پڑی، جبکہ امریکہ ایران کے ساتھ معاہدے پر مجبور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت صرف ایران کے لیے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔ غزہ اور لبنان میں مکمل جنگ بندی ہونی چاہیے اور فلسطینیوں کو اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق دیا جانا چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ عالمی برادری فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل یقینی بنائے اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ کیا جائے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مشکل وقت میں پاکستان کی حکومت، عوام اور جماعت اسلامی کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے