سکیورٹی ہائی الرٹ مجالس و جلوسوں کیلئے فول پروف انتظامات، سرچ آپریشنز جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان کا دورہ کرکے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ماڈل ٹا ئون اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جبکہ ایس پی ماڈل ٹا ئون نے جلوس کے روٹ اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور محرم الحرام کی تمام مجالس و عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے امن کمیٹی کے اراکین سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے جبکہ پولیس افسران مجالس و جلوس کے منتظمین کے ساتھ مکمل کو آرڈینیشن میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کا امن اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مجالس و جلوس کے اوقات کار اور روٹس سے متعلق حکومتی ایس او پیز پر من و عن عملدر آمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ امن و امان کے قیام کیلئے فلیگ مارچ اور سرچ آپریشنز بھی مسلسل جاری ہیں۔