سی ٹی او لاہور کا محرم کے جلوس روٹ کا تفصیلی دورہ

 ٹریفک کا جائزہ، شہریوں اور عزاداروں کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے محرم الحرام کے سلسلے میں مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا، ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق دورے کے دوران ایس ایس پی سٹی مقصود لون، اے سی سٹی اور آغا حسین قزلباش بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جبکہ ڈی ایس پی انارکلی راشد حیات نے جلوس کے روٹ اور بھاٹی چوک انڈرپاس منصوبے کے کنٹریکٹر نے جاری تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دی، سی ٹی او لاہور نے مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کر کے روٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور عزاداروں کی سہولت کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا، انہوں نے بھاٹی چوک انڈرپاس کے اطراف میں اسفالٹ بچھانے اور متبادل سڑکوں کو ہر صورت کلیئر رکھنے کی ہدایت جاری کی، ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران زائرین اور شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہے، انہوں نے مرکزی روٹ پر موجود رکاوٹوں اور مسائل کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو انہیں فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ انڈرپاس کی تعمیر کے باوجود مرکزی جلوس کے روٹ کو محفوظ، کشادہ اور رکاوٹوں سے پاک رکھا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، سی ٹی او نے کہا کہ محرم کے دوران بہترین ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے