لاہور (کرائم رپورٹر) چہلم حضرت امام حسینؓکا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر روایتی قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس اور اس کے راستوں پر 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے، جس کی بدولت جلوس اور عرس حضرت داتا گنج بخش پرامن انداز میں مکمل ہوئے۔ پولیس افسران اور اہلکار بہترین ٹیم ورک کے مستحق ہیں، جبکہ شہریوں، منتظمین اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بھی تعاون فراہم کیا۔ لاہور پولیس کا اولین مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور تمام مجالس، عزاداری جلوس اور عرس کے منتظمین نے سکیورٹی انتظامات کو سراہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چہلم حضرت امام حسین? کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی نے کہا کہ پولیس فورس نے 644 مجالس اور 392 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور سمیت صوبہ بھر کے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت اور پنجاب بھر میں حالات پرامن رہے اور کہیں بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزرا، مشیران اور علاقائی نمائندوں نے سکیورٹی انتظامات میں پنجاب پولیس کی رہنمائی کی۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور تمام آپریشنل یونٹس نے جانفشانی سے فرائض سر انجام دیے۔ آئی جی نے پاک فوج اور رینجز کے تعاون، شہریوں، علما کرام، سکیورٹی اداروں اور میڈیا کی شراکت کو بھی سراہا اور کہا کہ افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔