لاہور (کرائم رپورٹر) محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید م ئوثر بنانے کے لیے سول لائنز ڈویڑن پولیس نے امام بارگاہ خیمہ سادات اور امام بارگاہ حسینیہ زینبیہ میں ہنگامی مشقوں (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کی زیر نگرانی ہونے والی ان مشقوں میں سول لائنز پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے حصہ لیا۔ مشقوں کے دوران فرضی دہشت گردوں کو قابو کرنے، حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ایس پی سول لائنز نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد پولیس اور متعلقہ اداروں کی ریسپانس صلاحیت کا جائزہ لینا اور اسے مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔