کھڑاہونے سے منع کرنے پر فائرنگ، نوجوان زخمی

بادامی باغ میں اقدام قتل کا ملزم اسلحہ سمیت گرفتار، مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) بادامی باغ کے علاقے میں گلی میں کھڑے ہونے سے منع کرنے پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اقدامِ قتل کے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق زخمی نوجوان کے سینے اور بازو پر گولیاں لگیں جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بادامی باغ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس پی سٹی نے سنگین نوعیت کے مقدمے میں بروقت گرفتاری پر ایس ایچ او احسن اقبال، عون اے ایس آئی اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ عاطف امیر کا کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔