آدھ موا حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے،،ڈی پی او بھکرکا نوٹس ، فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم
بھکر(آئی این پی )بھکر کے نواحی علاقے برکت والا میں کالج طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں نے وین ڈرائیور کوشدید تشدد کا نشانہ بناڈلا۔پولیس کے مطابق چند اوباش افراد نے طالبات کو تنگ کرنے کی کوشش کی، جس پر وین ڈرائیور قاسم نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں منع کیا۔ڈرائیور کے روکنے پر ملزمان طیش میں آگئے اور اپنے دیگر ساتھیوں کو بلا کر قاسم پر تشدد کیا۔ بتایا گیا ہے کہ 4 افراد نے ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے آدھ موا حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ڈی پی او شہزاد رفیق نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور اوباش عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔