آن لائن سٹے بازی کانیٹ ورک بے نقاب، باپ بیٹا گرفتار

ملزم سنگین مقدمات میں مطلوب مفرور اشتہاریوں کو پناہ دینے میں بھی ملوث تھے
لاہور (کرائم رپورٹر) شفیق آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آن لائن سٹے بازی میں ملوث باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا اور مبینہ طور پر چلائے جانے والے سٹے بازی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان فیصل اور عبدالرحیم مل کر آن لائن سٹے بازی کا کاروبار چلا رہے تھے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان سنگین مقدمات میں مطلوب مفرور اشتہاریوں کو پناہ دینے میں بھی ملوث تھے۔ سب انسپکٹر مراد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 4 موبائل فون، 3 لیپ ٹاپ، ایک ایل سی ڈی، انٹرنیٹ ڈیوائس، ٹیلی فون اور سٹے بازی سے متعلق ریکارڈ و رجسٹر برآمد کر لیے گئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے کارروائی پر ایس ایچ او شفیق آباد اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قمار بازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔