ٹنڈو آغا میں کئی روز سے جاری بجلی کی بندش اور خراب ٹرانسفارمر کی عدم تبدیلی کے خلاف شہریوں نے پھلیلی پل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
علاقہ مکینوں نے سڑک پر جمع ہو کر حیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری طور پر بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کا ٹرانسفارمر کئی روز قبل خراب ہو گیا تھا، تاہم متعدد شکایات کے باوجود اسے تبدیل نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث پورا علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔شہریوں کے مطابق مسلسل بجلی کی بندش نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جبکہ کاروبار، گھریلو معمولات اور پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔احتجاج میں شریک افراد نے “بجلی دو، بجلی دو” کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں بجلی کی طویل بندش کے باعث مجالس اور عزاداری کے انتظامات بھی متاثر ہو رہے ہیں، جس سے عزاداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مظاہرین نے حیسکو (HESCO) حکام سے مطالبہ کیا کہ خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر تبدیل کر کے علاقے کی بجلی بحال کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔