قوم اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران اور فلسطین کے ساتھ ہے، مولانا طاہر اشرفی

قوم اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران اور فلسطین کے ساتھ ہے، مولانا طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پوری قوم اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران اور فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں مذہبی، سیاسی یا سماجی سطح پر کوئی بھی گروہ قانون ہاتھ میں نہیں لے سکتا، اور اس حوالے سے ریاست کی رٹ کو ہر حال میں قائم رکھا جائے گا۔

محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس:
مولانا طاہر اشرفی کمشنر آفس گوجرانوالہ میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انتظامیہ، علما اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

ملکی سلامتی پر دو ٹوک موقف:
مولانا اشرفی نے کہا:"پاکستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کام کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ جو عناصر عوام اور افواج پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں، ان کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔"انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اتحاد و سالمیت کے خلاف سرگرم عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اس حوالے سے ریاست اور ادارے یکسو ہیں۔

یوم وحدانیت منانے کا اعلان:
مولانا طاہر اشرفی نے اعلان کیا کہ:"کل پورے ملک میں یوم وحدانیت منایا جائے گا، تاکہ فرقہ واریت اور انتشار پھیلانے والوں کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی قوم ایک ہے، متحد ہے۔"انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے علما کے درمیان ہم آہنگی اور رابطہ موجود ہے، اور عوام سے بھی اپیل کی کہ امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔

 ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد
مولانا اشرفی نے اپنی گفتگو کے دوران اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور عوام کو ان کے ساتھ کھڑا رہنا ہوگا۔

 اجلاس کی اہم نکات:
محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ
حساس مقامات پر سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت
علما کرام سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی اپیل
بین المذاہب ہم آہنگی پر زور