صادق خان دنیا کے بدترین میئرز میں سے ایک ہیں‘لندن میں جرائم بڑھنے سے صورتحال انتہائی خراب ہے:امریکی صدر
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میئر لندن صادق خان کو دنیا کے بدترین میئرز میں سے ایک قراردیتے ہوئے کہا ہے صادق خان ونزر کاسل میں ہونے والے شاہی ضیافت میں آنا چاہتے تھے لیکن انہیں میرے کہنے پر مدعو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خصوصی طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر لندن صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے برطانیہ میں گزشتہ رات ہونے والے اسٹیٹ بینکوئٹ میں صادق خان کو مدعو نہ کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ صادق خان کو ایک عرصہ سے پسند نہیں کرتے اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ صادق خان وہاں آئیں۔ صدر ٹرمپ نے صادق خان کو دنیا کے بدترین میئرز میں سے ایک قرار دیا اور لندن میں بڑھتے ہوئے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے صادق خان کو امیگریشن کے حوالے سے بھی آفت قرار دیا۔