کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج رات وطن واپس پہنچیں گے، بیرون ملک کامیاب سفارتی مشن کی تکمیل پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
بلاول بھٹو زرداری 28 مئی کو امریکا اور یورپ کے اہم دورے پر روانہ ہوئے تھے، جہاں انہوں نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ عالمی رہنماؤں اور اداروں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کا یہ دورہ پاکستان کے لیے سفارتی سطح پر خاصا مفید ثابت ہوا۔پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آج رات 9 بجے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچیں گے جہاں پارٹی کے کارکنان، رہنما اور عہدیداران ان کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں خیرمقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں اور ایئرپورٹ سے بلاول ہاؤس تک ریلی کی بھی تیاریاں کی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی واپسی کے بعد کراچی اور اسلام آباد میں اہم پارٹی اجلاس منعقد ہوں گے جن میں بجٹ سے متعلق معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔
پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں وفاقی حکومت سے ہونے والے بجٹ مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری آئندہ ہفتے اسلام آباد جائیں گے جہاں وہ قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر اظہارِ خیال کریں گے، ساتھ ہی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں وہ اپنے غیر ملکی دورے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کا دورہ نہ صرف پارٹی بلکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے، اور ان کی وطن واپسی پر پارٹی میں نئی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔