4ما ہ میں 556 گینگز کے 1227 ملزمان گرفتار

سٹی ڈویڑن 132 گینگز کی گرفتاری کے ساتھ سرفہرست رہا، ماڈل ٹائون کا دوسرا نمبر
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ سٹریٹ کرائمز سمیت شہر سے تمام جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے جبکہ وارداتوں کی روک تھام کیلئے انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی اور کنٹرول رومز کے ذریعے اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں مشکوک افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔فیصل کامران نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر بھر میں کارروائیوں کے دوران 556 گینگز کے 1227 ارکان کو گرفتار کرکے تفتیش کے بعد جیل بھجوایا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 20 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ بھی بر آمد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق سٹی ڈویڑن 132 گینگز کی گرفتاری کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ ماڈل ٹا ئون ڈویڑن نے 107، کینٹ نے 95، صدر ڈویڑن نے 93، اقبال ٹا ئون نے 82 اور سول لائنز ڈویڑن نے 47 گینگز گرفتار کیے۔ گرفتار ملزمان سے مختلف وارداتوں کے 2525 مقدمات ٹریس کیے گئے جن میں رابری کے 208، سنیچنگ کے 157 جبکہ چوری کے 2160 کیس شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان سے 3 گاڑیاں، 744 موٹر سائیکلیں، 20 رکشے، 813 موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بر آمد کیا گیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ راہزنی، چوری اور ڈکیتی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ بینکوں، اے ٹی ایمز اور تجارتی مراکز کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان پر عملدر آمد جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے اور عوام کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔۔