پولیس نے کارروائیوں کے دوران 3 گاڑیاں، 744 موٹر سائیکلیں، 20 رکشے، 813 موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کیا گیا
جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ،راہ زنی، چوری و ڈکیتی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں:ڈی آئی جی فیصل کامران
لاہور(کاشف بٹ) لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ چار ماہ کے دوران پولیس نے 556 گینگز کے 1227 ارکان کو گرفتار کر کے بعد از تفتیش جیل بھجوا دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق گرفتار ملزمان سے 20 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ گینگ گرفتاریوں میں سٹی ڈویژن سرفہرست رہا جہاں 132 گینگز کو گرفتار کیا گیا جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 107، کینٹ میں 95، صدر ڈویژن میں 93، اقبال ٹاؤن میں 82 اور سول لائنز ڈویژن میں 47 گینگز کو قانون کی گرفت میں لے کر ملزمان سے مختلف وارداتوں کے 2525 مقدمات ٹریس کیے جا چکے ہیں۔ جن میں رابری کی 208، سنیچنگ کی 157 اور چوری کی 2160 وارداتیں شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 3 گاڑیاں، 744 موٹر سائیکلیں، 20 رکشے، 813 موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کیا گیا۔فیصل کامران نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز سمیت شہر بھر میں جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور راہ زنی، چوری و ڈکیتی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینکوں، اے ٹی ایمز اور تجارتی مراکز کی سکیورٹی کے لیے خصوصی پلان پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں و کنٹرول رومز کے ذریعے اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔