307 افراد کو فرسٹ ایڈ ، 438 شدید زخمیوں کو بروقت ریسکیو کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں 800 کشتیوں کے ساتھ 15 ہزار ریسکیورز ہائی الرٹ پر ہیں۔ ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق مون سون اور رین ایمرجنسی کے تحت 25 جون سے ابتک 109 افراد جاں بحق جبکہ 745 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ 307 افراد کو فرسٹ ایڈ جبکہ 438 شدید زخمیوں کو بروقت ریسکیو کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتک سیلاب سے متاثرہ علاقوں خصوصاً میانوالی، ڈی جی خان، لیہ، راجن پور، ننکانہ اور جہلم سے 214 لوگوں کا محفوظ انخلا اور 370 افراد و 176 مویشیوں کو بھی ٹرانسپورٹیشن فراہم کی گئی۔ گزشتہ روز مون سون اور شدید بارشوں کی وجہ سے راولپنڈی سے 72، جہلم سے 128 اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں سے 54 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ 16 افراد جاں بحق ہوئے۔ حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ اموات لاہور میں 24، فیصل آباد میں 15، شیخوپورہ میں 11، راولپنڈی میں 10، اوکاڑہ میں 8 اور بہاولنگر میں 7 رپورٹ ہوئیں۔ پنجاب کے باقی اضلاع میں 34 افراد جاں بحق ہوئے۔ زیادہ تر اموات کمزور گھریلو اور بوسیدہ عمارات کی وجہ سے ہوئیں۔ 25 جون سے ابتک 351 عمارت گرنے کے واقعات، 22 کرنٹ لگنے، 61 ٹریفک حادثات، 7 گرنے، 4 آسمانی بجلی گرنے اور 35 متفرق حادثات پر فوری ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 پنجاب صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہے