لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پنجاب پولیس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ پنجاب پولیس بھارتی غاصبانہ قبضے اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے آزادی، حق خودارادیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یوم استحصال کشمیر پر صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے یا امن سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر تعینات کیے گئے۔ ریلیوں، سیمینارز اور اے کیٹگری پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے اور آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز و ٹریفک افسران خود نگرانی کریں۔