پاکستان میں کسی غیرملکی کو رہنے نہیں دیا جائے گا، کسی کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی
افغانستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ،وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحریک انصاف کے 5 اگست کو احتجاج کے اعلان کے حوالے سے کہا ہے کہ پہلے وہ تیاری کرلیں پھر ہم بھی کریں گے۔اسلام آبا میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان برادر اسلامی ملک ہے، اس کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی غیرملکی کو رہنے نہیں دیا جائے گا، جو غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہو ان کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی اور پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانوں کو کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ ایران نے دو ہفتوں میں 3لاکھ افغانیوں کو ملک بدر کیا۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ مونال اسلام آباد کا ایک انتہائی خوبصورت مقام تھا، مونال والی جگہ پر بہت اچھی چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 133 غیر قانونی ہائوسنگ سوسائیٹیاں بن رہی ہیں، غیر قانونی ہائوسنگ سوسائیٹیوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایران-اسرائیل جنگ رکوانے میں وزیراعظم اور آرمی چیف نے کردارادا کیا۔وزیرداخلہ سے سوال کیا گیا کہ ٹرمپ بھی پاکستان کی تعریف کررہے ہیں، چین بھی اور دیگر ممالک بھی، تو ہم کس کے ساتھ ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، یہ اچھی بات ہے کہ سب ہماری تعریف کررہے ہیں۔