پاکستانی زائرین کیلئے انفرادی حیثیت میں ایران‘ عراق جانے پر پابندی‘ جنوری 2026 سے وہی لوگ انفرادی طور پر جاسکیں گے جنہیں سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا
عراق اور ایران بھی پاکستان کے اس نئے نظام کیساتھ ہیں، ہم نے غیر قانونی طور پر عراق جانیوالوں اور وہاں زائد قیام کرنے والوں کو روکنا ہے:تہران میں کانفرنس میں خطاب
تہران (آن لائن)عراق اور ایران جانے کے خواہش مند پاکستانیوں پر گروپ آرگنائزر کے بغیر داخلے پر پابندی عائد کردی گئی، ایران، عراق اور پاکستان نے زیارتوں کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان، ایران اور عراق کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی درخواست پر زائرین کے مسائل کے حل کیلئے سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین ہمارے لیے بہت اہم ہیں اور سہ ملکی کانفرنس سے عراق و ایران جانے والے زائرین کو مزید سہولت ملے گی۔محسن نقوی نے کہا جنوری 2026 سے صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جاسکیں گے جنہیں سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا، گروپ آرگنائزرز کے سسٹم سے غیر قانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کے رجحان کا خاتمہ ہو گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عراق اور ایران بھی پاکستان کے اس نئے نظام کے ساتھ ہیں، ہم نے مشترکہ اقدامات سے مل کر غیر قانونی طور پر عراق جانے والوں اور وہاں زائد قیام کرنے والوں کو ہر صورت روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان اور ایران بھائی ہیں اور ہمیشہ بھائی رہیں گے۔پاکستان نے ایران کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی، عراق کو بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں