پاکستان میں کسی غیرملکی کو نہیں رہنے دیا جائے گا، غیرقانونی طورپرمقیم افغانوں کو توسیع نہیں دی جائے گی، افغانستان کیساتھ بات چیت چل رہی ہے
وزارت داخلہ میں مسلح اداروں کے معاملات چلانے کیلئے ایک افسر کی تعیناتی زیرغور ہے:وفاقی وزیر داخلہ کی صحافیوں سے بات چیت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کے 5 اگست کو احتجاج کے اعلان کے حوالے سے کہا ہے کہ پہلے وہ تیاری کرلیں پھر ہم بھی کریں گے۔اسلام آبا میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صحافیوں سے گفتگو کی، جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے 5 اگست کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے، جس پر وزیرداخلہ نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی والے تیاری کرلیں پھر ہم بھی کرلیں گے۔انہوںنے کہا افغانستان برادر اسلامی ملک ہے، اس کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔ پاکستان میں کسی بھی غیرملکی کو رہنے نہیں دیا جائے گا، جو غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہو ان کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی اور پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانوں کو کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا وزارت داخلہ میں مسلح اداروں کے معاملات چلانے کے لیے ایک افسر کی تعیناتی زیرغور ہے، یہ افسر حاضر سروس ہوگا یاریٹاٹرڈ ابھی فیصلہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا اردوان فلائی اوور کی ایک سڑک محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کھدائی کے باعث خراب ہوئی۔وزیرداخلہ نے کہا اسلام آباد میں سموگ کا خطرہ موجود ہے، اسلام آباد میں3،4 سال بعد اسموگ آسکتا ہے جس سے نمٹنے کے لیے کوشش کررہے ہیں، اسلام آباد میں گرین ایریا کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا بلوچستان میں دہشت گردوں کو ایس ایچ او سے کنٹرول کرنے کی بات اصطلاحاً کی تھی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایران-اسرائیل جنگ رکوانے میں وزیراعظم اور آرمی چیف نے کردارادا کیا۔وزیرداخلہ سے سوال کیا گیا کہ ٹرمپ بھی پاکستان کی تعریف کررہے ہیں، چین بھی اور دیگر ممالک بھی، تو ہم کس کے ساتھ ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، یہ اچھی بات ہے کہ سب ہماری تعریف کررہے ہیں۔