2درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم قاسم علی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا
اللہ دتہ 100 وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ،پولیس ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی ساتھیوں نے حملہ کردیا
لاہور(کرائم رپورٹر) شہر میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے دو الگ الگ پولیس مقابلوں میں2 خطرناک ملزمہلاک جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے۔ پہلا مقابلہ نواب ٹاؤن میں ہوا جہاں پولیس زیر حراست ملزم قاسم علی کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی۔ اس دوران ملزم کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کر دی۔ زیر حراست قاسم علی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر موقع پر دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم قاسم چوری، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سمیت دو درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔دوسرا پولیس مقابلہ شیراکوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن ٹیم بدنام زمانہ ڈاکو اللہ دتہ کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی۔ ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس پر جوابی کارروائی میں اللہ دتہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ڈی ایس پی قمر ساجد کے مطابق ہلاک ملزم اللہ دتہ سنگین جرائم کی 100 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس نے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔