ساندہ میں ڈاکو اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی، چوہنگ میں عرفان ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقوں ساندہ اور چوہنگ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو زخمی جبکہ زیرحراست ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ ساندہ کی حدود میں ٹی نمبر 5 کے قریب پولیس اہلکاروں نے دورانِ چیکنگ موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ایس ایچ او ساندہ ندیم کمبوہ کے مطابق زخمی ڈاکو اقدامِ قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ دوسری جانب چوہنگ کے قریب سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں زیرحراست ملزم عرفان ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سی سی ڈی ٹیم ملزم کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کرکے فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر ملزم عرفان زخمی ہو گیا۔ اسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم قتل، ڈکیتی اور اقدامِ قتل سمیت دو درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔