2مقابلے،1ڈاکو ہلاک ، 2زخمی حالت میں گرفتار

نواں کوٹ میں موٹرسائیکل چھین کر فرار ہونیوالا ڈاکو علی حسنین ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا 
لاری اڈامیں فرار کی کوشش میں موٹر سائیکل سوار ملزم کھمبے سے ٹکرا گئے ، دانش اور موسیٰ پکڑے گئے 
لاہور(کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے دو الگ الگ پولیس مقابلوں میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک دو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس نے موٹرسائیکل چھیننے کی واردات کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی شہری کی ایمرجنسی 15 پر کال کے بعد تعاقب کیا گیا، جس دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران متعدد ڈکیتیوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو علی حسنین اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم لاہور کے مختلف تھانوں، جن میں ہنجروال، نواب ٹاؤن، سبزہ زار اور ہربنس پورہ شامل ہیں، میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علی حسنین اور اس کے ساتھی نے چند روز قبل نواں کوٹ میں دورانِ واردات ایک معذور شہری کو بھی قتل کیا تھا۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ خطرناک ڈاکو کی ہلاکت پر اہلِ علاقہ نے نواں کوٹ پولیس اور سینئر افسران کی کارروائی کو سراہادوسرا واقعہ لاری اڈہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس نے گشت اور چیکنگ کے دوران جھپٹا مارنے کی اطلاع پر کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق تین موٹرسائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب کے دوران ملزمان تیز رفتاری کے باعث بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر گر گئیایک ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا جبکہ دو زخمی ملزمان، جن کی شناخت دانش اور موسیٰ کے نام سے ہوئی ملزم کو گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی، اسنیچنگ اور جھپٹا مارنے کی 100 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان چند روز قبل دفتر جانے والی ایک خاتون کو ہراساں اور زخمی کرنے کی واردات میں بھی ملوث تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ دونوں واقعات کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے