پولیس کا وار، 2مقابلے، 3ڈاکو لاک

بادامی باغ میں سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں عرفان مسیح اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے مارا گیا
قصور بائی پاس پر 100 مقدمات میں مطلوب 2 ڈاکو کامران اور پرویز اپنے انجام کو پہنچے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور اور قصور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) نے ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے تین خطرناک بین الاضلاعی جرائم پیشہ افراد کو پولیس مقابلوں کے دوران انجام تک پہنچا دیا۔ دونوں واقعات میں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔بادامی باغ میں ہلاک عرفان مسیح 65 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلاسی سی ڈی سٹی اور کوتوالی پولیس نے بادامی باغ کے علاقے میں چھاپہ مارا تو گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث عرفان مسیح اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں عرفان مسیح اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا اور زخمی حالت میں دم توڑ گیا۔ڈی ایس پی دانش اصف رانجھا اور انسپکٹر غلام باری کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی میں عرفان کی سابقہ وارداتوں کی تعداد 65 نکلی، جو فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، سیالکوٹ، اوکاڑا، دیپال پور، ننکانہ، منڈی بہاولدین، گجرات اور دیگر اضلاع میں ڈکیتیاں کر کے لاہور آتا تھا۔ سی سی ڈی کے مطابق اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب قصور میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان بائی پاس کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں بین الاضلاعی شہرت یافتہ ڈاکو کامران ولد ارشد اور پرویز عرف پپو ولد امین، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق یہ دونوں ملزمان 100 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اور حالیہ دنوں میں دو شہریوں کو زخمی بھی کر چکے تھے۔ڈاکو گروہ قصور بائی پاس پر ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس ٹیم کے پہنچتے ہی فائرنگ شروع ہو گئی۔ فائرنگ کے دوران دونوں ڈاکو مارے گئے جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔ ڈی ایس پی سی سی ڈی محمد عتیق ڈوگر کے مطابق فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی ٹیم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔