کراچی: اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی پر اسرار موت کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اب تک اس معمہ کو حل نہیں کیا جا سکا۔
پولیس اور تحقیقاتی ادارے مختلف پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین میں مصروف ہیں۔ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا چکا ہے اور اداکارہ کی ڈی این اے رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے میڈیا کو بتایا کہ حمیرا اصغر کی ڈی این اے رپورٹ پیر تک موصول ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی این اے اور کیمیکل رپورٹس موصول ہونے کے بعد انہیں ماہر ڈاکٹرز کو بھیجا جائے گا، جو ان رپورٹس کی روشنی میں موت کی اصل وجہ تحریری طور پر بتائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ حمیرا اصغر کیس پر ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو اپنی تحقیقات مکمل کر رہی ہے۔
کمیٹی تمام شواہد، جائے وقوعہ، اور مشتبہ عناصر کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی مجرمانہ پہلو کو نظرانداز نہ کیا جا سکے۔واضح رہے کہ حمیرا اصغر کی موت کے بعد شوبز حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اداکارہ کی موت کو ابتدا میں طبعی قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد میں پولیس نے شکوک و شبہات کے پیش نظر معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج ڈی این اے اور کیمیکل رپورٹس کے بعد ہی سامنے آ سکیں گے، جن کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔