اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: بینک اکاؤنٹس اور فون ڈیٹا تفتیش کا حصہ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: بینک اکاؤنٹس اور فون ڈیٹا تفتیش کا حصہ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

ویب ڈیسک: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے حوالے سے تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس کو اداکارہ کے بینک اکاؤنٹس، فون ڈیٹا اور دیگر شواہد موصول ہو گئے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق، اداکارہ حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 98 ہزار روپے سے زائد رقم موجود ہے۔ بینک اسٹیٹمنٹس سے پتا چلا ہے کہ وہ اے ٹی ایم سے عمومی طور پر 25 سے 50 ہزار روپے کی رقم نکالا کرتی تھیں۔ تفتیشی ٹیم نے ان کے فلیٹ سے نقدی اور زیورات کی عدم موجودگی کو بھی تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے۔دوسری جانب، اداکارہ کا موبائل فون محکمہ انسداد دہشتگردی (CTD) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ فون کا پرائیویسی لاک کھول کر ڈیٹا کا جائزہ لیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، حمیرا اصغر آخری بار 28 ستمبر کو اپنے گھر سے باہر نکلی تھیں۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ شدید مالی مسائل کا شکار تھیں اور متعدد افراد کو کام کے لیے پیغامات بھیج رہی تھیں جن میں اکثر یہ الفاظ شامل تھے: "کام دو یا دلواوُ"۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حمیرا جب گری تھیں تو وہ غالباً کپڑے دھو رہی تھیں اور باتھ روم سے کسی کام کے لیے باہر آئیں، جہاں کسی چیز سے ٹکرا کر زمین پر گر گئیں۔ تاہم ابھی موت کی حتمی وجہ کا تعین ہونا باقی ہے۔کچن سے کھانے پینے کا کوئی سامان نہیں ملا، جو ان کی مالی تنگی کی تصدیق کرتا ہے۔ مزید برآں، ایک پہلو جو تحقیقاتی ٹیم کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے وہ یہ ہے کہ ان کی لاش کی بو جلد محسوس کیوں نہیں ہوئی۔ نومبر میں فلیٹ کی دوسری منزل کے رہائشیوں نے بدبو کی شکایت چوکیدار سے کی تھی، لیکن چوکیدار کو بو محسوس نہ ہونے پر معاملہ رفع دفع کر دیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید حقائق کے لیے تفتیش جاری ہے اور ہر پہلو کو باریکی سے پرکھا جا رہا ہے۔