اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت: تفتیش جاری، مالی پریشانی کا شبہ

اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت: تفتیش جاری، مالی پریشانی کا شبہ

پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے حوالے سے تفتیشی ادارے متحرک ہو گئے ہیں، جب کہ واقعے کی گتھی سلجھانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق حمیرا اصغر کے فلیٹ کی چابیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ فلیٹ کے مرکزی دروازے کی تینوں چابیاں اندر سے ہی ملی ہیں، جس نے واقعے کو مزید مشکوک بنا دیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ عمارت کی انتظامیہ، چوکیدار اور اداکارہ کی سابقہ گھریلو ملازمہ کو شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ تینوں افراد آخری بار اکتوبر 2024 میں حمیرا اصغر سے رابطے میں تھے۔ اداکارہ کی گھریلو ملازمہ نے سال 2024 کے اوائل میں ملازمت چھوڑ دی تھی اور اس کے بعد سے فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر تھیں۔حکام نے یہ بھی بتایا کہ فلیٹ کے باہر یا اس کے اطراف میں کسی قسم کے سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں، جس کی وجہ سے واقعے کے بارے میں مزید شواہد حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر ممکنہ طور پر مالی مشکلات کا شکار تھیں۔ انہوں نے ستمبر 2024 میں اپنا آخری کمرشل شوٹ مکمل کیا، اور اکتوبر 2024 تک وہ مختلف افراد سے کام کے سلسلے میں رابطے میں تھیں۔ تاہم، اس کے بعد ان کا سوشل یا پروفیشنل نیٹ ورک تقریباً ختم ہو چکا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تفتیش جاری ہے اور موت کی اصل وجہ سامنے لانے کے لیے فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔اداکارہ کی موت نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی واقعے سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔