یومِ الحاق پاکستان: کشمیریوں کا عہدِ وفا، قربانیوں کا سفر جاری

یومِ الحاق پاکستان: کشمیریوں کا عہدِ وفا، قربانیوں کا سفر جاری

آج 19 جولائی 2025 کو کشمیری عوام یومِ الحاقِ پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں کہ وہ ہر حال میں پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کو قائم رکھیں گے۔
یہ دن اس تاریخی قرارداد کی یاد دلاتا ہے جب 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔یومِ الحاق کے موقع پر مختلف تقریبات، ریلیاں اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا، جن میں کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال محبت اور تعلق پر زور دیا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا پیغام
یوم الحاق کشمیر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ:"بھارت کی دس لاکھ فوج کے مظالم کشمیریوں کے حوصلے پست نہ کر سکے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔"انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان کی حکومت و عوام کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا بیان
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے اس موقع پر کہا:"پاکستان سے محبت کشمیریوں کے خون میں دوڑتی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں، آرزوؤں اور قربانیوں کا مرکز ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت سے خائف ہے، اسی لیے ظلم و جبر کا سہارا لے رہا ہے، لیکن کشمیری قوم ہر میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔

پس منظر
یاد رہے کہ یومِ الحاق پاکستان دراصل اس سیاسی و نظریاتی رشتے کی علامت ہے جو قیام پاکستان سے قبل ہی کشمیری عوام نے اپنے فیصلے سے ظاہر کر دیا تھا۔ یہ دن بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی طویل جدوجہد اور ان کی قربانیوں کی یاد بھی ہے۔