یومِ دفاع و شہداء پاکستان پاکستان کے قومی دنوں میں سے ایک اہم دن ہے، جس میں ملک کی سرحدوں کے محافظوں، غازیوں اور شہداء کی بے مثال قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
یہ دن پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور اتحاد کے اظہار کا دن ہے، جس میں قوم ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی اور محبت کا مظاہرہ کرتی ہے۔اس دن کا مقصد وطن عزیز کی سرزمین کی حفاظت کے لیے دی گئی قربانیوں کو یاد کرنا اور ملک کے تمام شہداء، غازیوں اور فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ ملک کے ہر شہری کا عزم ہے کہ وہ اپنی مٹی کو اپنی محنت اور قربانیوں سے سنواریں گے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کریں گے۔پاکستانی قوم نے اپنی ملی وحدت، اتحاد اور حوصلے کو بلند ترین سطح پر رکھا ہے، اور دشمن کی ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔
یہ دن تاریخ ساز ہے، جو ملک کی یکجہتی اور حب الوطنی کی تجدید کا سبب بنتا ہے۔شہداء کے بلند کردار اور غازیوں کے عزم و ہمت کی بدولت آج پاکستان امن و امان کا گہوارہ ہے۔ سرحدوں پر مامور جوانوں کی حب الوطنی اور عوام کی خلوص نیت سے ملک کا سبز ہلالی پرچم عالمی سطح پر بلند اور روشن ہے۔یہ دن ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں ملک کے دفاع کے لئے ہمیشہ تیار رہنے کا عزم دلاتا ہے، تاکہ پاکستان ہمیشہ سلامت اور ترقی کرتا رہے۔