یومِ استقامت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پیغام، قوم کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

یومِ استقامت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پیغام، قوم کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے قومی یومِ استقامت (8 اکتوبر) کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے کی تباہ کاریاں قوم آج تک نہیں بھولی۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی قوم نے اس سانحے کا سامنا صبر، ہمت اور یکجہتی کے ساتھ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس المناک سانحے میں ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، مگر قوم نے جس جذبے اور اتحاد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وہ زلزلے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جدید نظام اور فوری ردِعمل کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔