ملک بھر میں موسم کی صورتحال: شہر کا مطلع صاف، دیگر علاقوں میں بارش کا امکان

ملک بھر میں موسم کی صورتحال: شہر کا مطلع صاف، دیگر علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم آج صاف اور خشک رہے گا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔

دن بھر سورج کی تپش سے موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو حبس اور گرمی کی شدت کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی
دوسری جانب سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی میں بھی معتدل بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان کے 18 اضلاع بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں، جہاں ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پنجاب میں مون سون کا چوتھا اسپیل
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون کے چوتھے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق کل سے 25 جولائی تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارشیں متوقع ہیں۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ
مزید برآں، آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہنگامی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔