لاہور چڑیا گھر میں تفریحی سہولیات پر 50فیصد رعایت کا اعلان

ریپٹائلز ہائوس، فِش ایکوریم، ہولوورس، ورچوئل رئیلٹی اور مکسڈ رئیلٹی جیسی سہولیات پر نمایاں رعایت دی جائے گی 
 لاہور (آئی این پی )لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے مختلف تفریحی سہولتوں پر 50فیصد ڈسکائونٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور چڑیا گھر کی سیر کے لیے آنے والوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ تاہم داخلہ ٹکٹ اور پارکنگ فیس اپنی موجودہ شرح پر برقرار رہیں گی لیکن ریپٹائلز ہائوس، فِش ایکوریم، ہولوورس، ورچوئل رئیلٹی اور مکسڈ رئیلٹی جیسی سہولیات پر نمایاں رعایت دی جائے گی۔ ریپٹائلز ہائوس اور فِش ایکوریم کی 200روپے مالیت کی ٹکٹ اب 100روپے میں دستیاب ہوگی ۔ ہولوورس کی 300روپے، ورچوئل رئیلٹی کی 200روپے اور مکسڈ رئیلٹی کی 100روپے مالیت کی ٹکٹ پر بھی 50فیصد رعایت دی جائے گی۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ہولوورس، ورچوئل رئیلٹی اور مکسڈ رئیلٹی مرمت کے باعث بند ہیں، تاہم انہیں جلد از جلد عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سی ڈبلیو ایم سی کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔