جمعہ، ہفتہ اور اتوار چھٹی ،50فیصد سرکاری گاڑیاں گرائونڈ کر نیکی تجویز ،سرکاری ملازمین کیلئے روٹیشن میں کام کا فارمولا

 پٹرولیم سمارٹ لاک ڈائون بازار 3 دن بند، تاجر پریشان
 غیر ضروری سفر میں کمی،توانائی کا استعمال محدود کیا جائے گا ،تعطیلات کے فیصلے سے قبل وزارتوں،اداروں سے تجاویز لی جائینگی ،سمارٹ لاک ڈائون کا اعلان وزیر اعظم کر ینگے:ذرائع کاروبار پہلے ہی متاثر ،لاک ڈائون کے نتائج تباہ کن ہونگے: تاجر 
اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )امریکا ایران جنگ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے ملک میں‘‘ پٹرولیم سمارٹ لاک ڈائون’’ لگانے پر مشاورت شروع کر دی ہے، بازار 3 دن بند رکھنے کی تجویز دیدی گئی جس سے تاجروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے ، اس مرتبہ ہفتے میں تین روز چھٹی اور لاک ڈائون لگانے پر غور کیا جارہا ہے ،ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا، لاک ڈائون کے تحت سرکاری و نجی دفاتر میں 4 دن کام کی تجویز د ی گئی ہے، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی اور نقل و حمل کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، سرکاری ملازمین کے روٹیشن میں کام کرنے کا فارمولا بھی زیر غور ہے،ذرائع کے مطابق بازاروں کی 3 روزہ بندش اور اوقات کار کم کرنے پرغور کیا جا رہا ہے، تین روزہ تعطیلات کے فیصلے سے قبل وزارتوں اور اداروں سے بھی تجاویز لی جائیں گی،پٹرول کی بچت،غیر ضروری سفر میں کمی اور توانائی کا استعمال محدود کرنے پر توجہ دی جارہی ہے،50 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گرائونڈ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے،تمام تجاویز کا مفصل جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اور وزیراعظم کی جانب سے رپورٹ کی روشنی میں سمارٹ لاک ڈائون کا اعلان متوقع ہے ، تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروبار پہلے ہی متاثر ہے ، گھر کا چولہا چلانا بھی مشکل ہے ایسے میں لاک ڈائون کے نتائج تباہ کن ہونگے۔