بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

مون سون طوفان کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے و اقعات پیش آئے‘ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعدادکسانو ں او رمزدوروں کی ہے، ریاستی حکام
دہلی( آن لائن )بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں مون سون طوفان کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے و اقعات میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست بہار میں یہ ہلاکتیں بدھ اور جمعرات کے درمیان شدید طوفانوں کے دوران ہوئیں۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کسان اور مزدور شامل ہیں جو کھلے آسمان تلے کام کر رہے تھے۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی علاقوں میں مزید شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔ ریاست بہار کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر وجے کمار منڈل نے بتایا کہ خطرے سے دوچار اضلاع کے حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آسمانی بجلی سے متعلق الرٹ کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔ ریاستی حکومت نے بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 40 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔