بھارت میں 2 روزکے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 25افراد ہلاک

ریاستی انتظامیہ کا مرنے والوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مالی امداد کا اعلان
نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں گذشتہ 2دن کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے25سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریاست اترپردیش میں رونما ہوئے ۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ہلاکتیں 14اضلاع سے رپورٹ ہوئی ہیں جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جو گھر سے باہر اپنے کاموں کیلئے نکلے ہوئے تھے، سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پریاگ راج، کوشامبی، فتح پور اور رائے بریلی شامل ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شمالی بھارت میں مون سون کا سیزن شروع ہوگیا ہے جس کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو بجلی کڑکنے کے دوران کھیتوں میں کام کرنے سے منع کرنے ، درختوں اور پانی والی جگہوں سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ریاستی انتظامیہ نے مرنے والوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔