منور کوٹکے سیریاں میں واقعہ ،17سالہ سلمیٰ،10 سالہ سدرہ موقع پر دم توڑ گئیں
24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا
بالاکوٹ،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)تحصیل بالاکوٹ کے نواحی علاقہ منورکوٹکے میں رہائشی مکان پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 بہنیں جاں بحق، 3 افراد زخمی ہوگئے۔ گزشتہ شب منور کوٹکے سیریاں میں بارش اور گرج چمک کے دوران رہائشی مکان پر آسمانی بجلی گرنے سے17سالہ سلمیٰ دختر عبدالشکور اور 10 سالہ سدرہ دختر عبدالشکور جاں بحق جبکہ علیمہ بی بی، منظور ولد فرزمان اور مہناز زوجہ منظورزخمی ہوگئیں جبکہ اسی دوران آسمانی بجلی گرنے سے پڑوس کے ایک مکان کو بھی نقصان پہنچا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں چند مقامات پر تیز ہوا ئوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورت حال کے مطابق مغربی ہوا ئوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے اور آج تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں بھی ملک کے وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔