مختلف شہروں میں بارش‘آسمانی بجلی گرنے سے2افراد جاں بحق

سیہون کے علاقے میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، 30  دیہات کا زمینی رابطہ منقطع
 بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے سے دریائوں میں پانی کے بہا ئومیں اضافہ‘بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہوگا

  لاہور(آئی این پی ) مون سون کے خطرناک سپیل نے تباہی مچادی، پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ  حالیہ بارشوں کے دوران  پوٹھوہار  ریجن میں تقریبا 1000 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پرپہنچایا گیا جبکہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہو نے کا امکان ہے ۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث سیلابی پانی سیہون کے کچے کے علاقوں تک پہنچ گیا جس کے بعد تحصیل سیہون کی تین یونین کونسلز کے کچے کے علاقوں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی  ۔بلاول پور، جھنڈیانی، واہن، ماہی اوٹھو، ماہی سہتا سمیت متعدد دیہاتوں کے اطراف پانی پھیل گیا ہے جبکہ 3 یونین کونسلوں کے 30 سے زائد دیہات کا سیہون اور بھان سیدآباد شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا‘خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور گیارہ مویشی ہلاک ہو گئے۔