بھارت: ژالہ باری و آسمانی بجلی گرنے سے 25افراد ہلاک،ریاستی حکومت کا مالی امداد کااعلان

 ضلع نالندہ میں 18اموات ، ضلع سیوان میں 2، کٹیہار، دربھنگہ، بیگوسرائے، بھاگلپور اور جہان آباد میں ایک ایک موت رپورٹ ،وزیر اعلیٰ بہار کا فی کس 4لاکھ کی مالی مدد کا اعلان 
  نئی د  ہلی  (آئی این پی )بھارتی ریاست بہار میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے 25کے قریب افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے مختلف اضلاع میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے جس میں تقریباً 25افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔اسی حوالے سے وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار نے ہلاکتوں کے حوالے سے بتایا کہ ضلع نالندہ میں 18اموات ہوئی، اس کے بعد ضلع سیوان میں 2، کٹیہار، دربھنگہ، بیگوسرائے، بھاگلپور اور جہان آباد میں ایک ایک موت رپورٹ ہوئیں۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے فی کس 4 لاکھ روپے مالی مدد کا اعلان بھی کیا۔دوسری جانب بھارت کے محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں اورنج الرٹ جاری ہے، آج اور کل بھی شدید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزہونے والی بارش کی وجہ سے ریاست بہار کے شہر پٹنا میں 42.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سڑکیں اور کئی علاقے زیر آب آگئے۔