خیبرپختونخوا : مختلف علاقوں میں بارش‘بجلی گرنے سے2افراد جاں بحق

دیر میں  ژالہ باری سے فصلوں اور میوہ جات کے باغات تباہ، مردان  اور گردونواح میں بارش‘ژالہ باری
 کمراٹ، جہاز بانڈہ  اوردیگر بالائی علاقوں میں برفباری ،وادی نیلم میں بھی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا

 پشاور‘مظفرآباد (یواین پی‘آئی این پی)خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں میں تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق دیر میں رات گئے تیز بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاجبکہ ژالہ باری سے فصلوں اور میوہ جات کے باغات تباہ، کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔ کمراٹ، جہاز بانڈہ  ودیگر بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہوئی،مردان کی تحصیل رستم اور گردونواح میں تیز آندھی اور ہواؤں کے ساتھ بارش اور شدید ژالہ باری کے بعد لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔ باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقہ شنگرگل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے‘بالائی نیلم کے بلندوبالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری شروع ہوگئی،وادی نیلم میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔دوسری جانب سوات کے شہر مینگورہ سمیت میدانی علاقوں میں موسم سرماکی پہلی بارش سے سردی شدت میں اضافہ ہوگیا۔وادی کالام سمیت مالم جبہ اوردیگر بالائی علاقوں میں بھی بارش سے موسم سردہوگیا،بالائی علاقوں میں درجہ حرارت5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگی، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔