بارش، آسمانی بجلی گرنے سے 4 جاں بحق

راجن پور ، بہاولپور کے رہائشی چل بسے،فیصل آباد میں بھی بارش، ڑالہ باری ،خضدار کے نواح میں 80 بھیڑیں ہلاک

لاہور،اسلام آباد،بہاولپور،خضدار،کراچی (سٹی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)لاہور، فیصل آباد،راولپنڈی، اسلام آباداور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔بہاولپور یزمان کیعلاقے میں دوران بارش آسمانی بجلی گرنے سے 4 افرادجاں بحق متعددزخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو لاہور میں دوپہر اور رات کے وقت بارش ہوئی، بچے اور بڑے سڑکوں پر نکل آئے اور بارش کو خوب انجوائے کیا۔فیصل آباد اور گردونواح میں تیز ہوائوں کیساتھ موسلا دھار بارش اور ڑالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔نشیبی علاقے زیر آب آنے سے واساکا نظام درہم برہم ہوگیا۔متعد د فیڈر ٹرپ کر گئے، بجلی گھنٹو ں بندرہی۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش بوکرا کیعلاقے میں ہوئی۔جنوبی پنجاب میں دوران بارش آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد راجن پور اور بہاولپور کے علاقوں کے رہائشی تھے۔ یزمان میں چک نمبر 98 ڈی بی میں آسمانی بجلی گرنے سے کانسٹیبل شوکت گھمن اور اسکا 16 سالہ بیٹا عمیر شوکت جاں بحق ، 12 سالہ بیٹا زبیراور30 سالہ احمدحسین زخمی ہوگئے۔ بلوچستان میں ڑوب کے علاقے کلی تورہ درگہ میں آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔ خضدار کی تحصیل وڈھ علاقے سارونہ میں آسمانی بجلی گرنے سے غریب چرواہے پلیا جمالی کی لاکھوں مالیت کی 80 سے زائد بھیڑیں ہلاک ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹے میں بالائی علاقوں سمیت پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ،خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔