لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل پولیسنگ سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے ابتدائی 17 دنوں میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد شہریوں نے صوبہ بھر میں قائم پولیس خدمت مراکز سے مختلف پولیسنگ سروسز حاصل کیں۔ 76 ہزار 807 شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی جبکہ 39 ہزار 431 سے زائد شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح 25 ہزار 107 شہریوں نے کرایہ داری اندراج کی سہولت سے فائدہ اٹھایا اور 4 ہزار 337 شہریوں کو میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس فراہم کیے گئے ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کمزور طبقات کیلئے جاری خصوصی اقدامات کے تحت 4 ہزار 943 افراد کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کیا گیا جبکہ 1 ہزار 975 شہریوں نے وہیکلز ویریفیکیشن کروائی۔ مزید بتایا گیا کہ 4 ہزار 851 شہریوں نے دستاویزات کی اندراجِ گمشدگی کروائی اور 93 جرائم رپورٹس کی رجسٹریشن کی گئی۔ اسی طرح 7 ہزار 215 شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں جبکہ 3 ویمن وائلنس رپورٹس درج ہوئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ 5 ہزار 185 شہریوں نے ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) کروائی جبکہ 84 شہریوں نے نجی ملازمت کیلئے پولیس ویریفیکیشن کی سہولت حاصل کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز پبلک سروس ڈیلیوری کا شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ ہیں جہاں شہریوں کو 24/7 معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں لاکھوں شہری ماہانہ پولیس خدمت مراکز کی خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ شہریوں کے فیڈ بیک کی روشنی میں سروسز کو مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔